سرینگر 06 مئی: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے آج ضلع پلوامہ میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر ریاض احمد نائکواور ان کے ساتھی عادل احمدکو شہید کردیا بھارتی فوجی حکام نے کہاکہ انہیں ایک جھڑپ کے دوران ماراگیا جو ضلع کے علاقے بیگ پورہ میں ہوئی۔ کمانڈر ریاض احمد نائیکو بیگ پورہ اونتی پورہ پلوامہ آبائی علاقہ ہے۔ ریاض نائکو کی عمر 35سال تھی اورانہوں نے سائنس مضامین کے ساتھ گریجویشن کی تھی ۔ گریجویشن کے بعد وہ ایک نجی سکول میں ٹیچر تھے۔ اور ریاضیات پڑھاتے تھے۔وہ 2012ءمیں عسکر ی آزادی پسند جماعت حزب المجاہدین میں شامل ہوئے اور گزشتہ 8سال سے بھارت سے آزادی کی جدوجہد میں تھے
بھارتی فوجیوں ، پیراملٹری فورسز اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہو انکے علاقے کو رات کے دوران ہی محاصرے میں لیاتھا جب وہ اپنی ماں سے ملنے کے لئے آیا تھا اور آج صبح گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کردی جس دوران مجاہد کمانڈر اور ان کا ساتھی شہید ہوگیا۔ان کی شہادت کی خبر جونہی مقبوضہ علاقے میں پھیلی، ہرطرف ایک سنسنی اور اشتعال پیدا ہوگیا۔
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں اور ایک الگ جگہ کھریو اونتی پورہ میں جاری فوجی آپریشن میں دو اور کشمیریوں کو شہید کردیا گیا ہے اور بھارتی فوج نے انکو آزادی پسند مجاہدیں قرار دیا ہے
انتظامیہ نے پوری وادی کشمیر کے اندر موبائیل انٹرنیٹ سروس معطل کردی ہے
گز شتہ روز پکھر پورہ بڈگام میںلاک ڈاﺅن کی ڈیوٹی پر تعینات بھارتی پولیس و سی آر پی ایف اہلکاروں پر گرینیڈ پھینکا گیا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 2اہلکاراور 4شہری زخمی ہوئے۔ زخمی افراد کو فوری طورابتدائی علاج معالجے کیلئے سب ضلع ہسپتال پکھر پورہ منتقل کیا گیا۔واقعے کے فوراًبعد فورسز اور پولیس نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاش شروع کر دی۔ یہ واقعہ پکھر پورہ قصبہ میں دن کے ساڑھے 12بجے اس وقت پیش آیا جب بھارتی پولیس و181بٹالین سی آر پی ایف اہلکار لاک ڈاﺅن کے دوران بازار مامور تھے
پولیس نے بتایاکہ حملے میں پولیس اسسٹنٹ سب انسپکٹر غلام رسول عرف دلاور، سی آر پی ایف کانسٹیبل سنتوش کمار اور چار عام شہری آ ہنی ریزے لگنے سے زخمی ہوگئے ،جس کے بعد انہیں سب ضلع اسپتال پکھرپورہ پہنچایا گیا۔اسپتالی ذرائع نے4 زخمی شہریوں کی شناخت شفیق احمد نجار غلام احمد نجار، عرفان وانی ولد محمد یوسف وانی ساکنان پکھر پورہ ،گلشنہ زوجہ محمد یوسف ڈار ساکن موہن پورہ ،سعدہ بیگم زوجہ غلام محمد ماگرے ساکن کھی گام پلوامہ کے طور ہوئی ہے۔ دھماکہ ہوا اس وقت ہوا جب لوگ راشن حاصل کررہے تھے جبکہ کچھ خواتین ہسپتال جارہی تھیں۔گرینیڈ حملہ کے فوراً بعد قصبہ میں افراتفری اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
کپوار ہ نہ گام قاضی آباد میں پیر کو آزادی پسند کشمیریوں نے بھارتی سی آر پی ایف پر حملہ کے دوران2رائفلیں بھی اڑا لیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کیا ہے۔ ونہ گام میں ہندوارہ کپوارہ شاہر اہ پر92 بٹالین سی آر پی ایف کی ناکہ پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا جسمیں 3اہلکار ہلاک جبکہ 7دیگر زخمی ہوئے۔ واقعہ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک 14سالہ کمسن لڑکا بھی شہید کیا گیا ، جس کی لاش لواحقین کو نہیں دی گئی۔
پولیس نے جنوبی ضلع پلوامہ کے ستورہ ترال میں گذشتہ شام دیر گئے ایک کشمیری کو ستورہ کراسنگ پر حراست میں لے لیا۔
بھارتی حکام نے پی ڈی پی کی رہنما محبوبہ مفتی کو کالے قانوں کے پی ایس اے میں3ماہ کی توسیع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع مجسٹریٹ سرینگر نے منگل کو ایک مختصرحکم نامہ جاری کیا جس میں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے پی ایس اے معیاد میں مزید3ماہ کا اضافہ کیا گیا۔ محبوبہ مفتی پر عائد پی ایس اے ختم ہونے والا تھا۔ محبوبہ مفتی کو5اگست کو اس وقت حراست میں لیا گیا تھا،جب بھارتی حکومت نے کشمیریوں کو فوجی محاصرے اور کرفیو میں رکھکر جموں کشمیر میں دفعہ370کو منسوخ کرنے کے علاوہ متنازعہ ریاست کو دہلی کے زیر انتظام اکائیوں میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ محبوبہ مفتی پر5فروری کو عمر عبداللہ کیساتھ ہی3ماہ تک پی ایس اے عائد کیا گیا۔انہیں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے پیش نظر7اپریل کو اپنی سرکاری رہائش گاہ واقع فیر ویو گپکار منتقل کیا گیا اور انکی رہائش گاہ کو ہی سب جیل کا درجہ دیا گیا۔